محکمہ اوقاف کی کارکردگی، سرکل افسران وقف املاک کی مد میں وصولی کرنے کی بجائے خاموش، کارروائی سے گریزاں

October 24, 2021

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کا محکمہ اوقاف‘ مذہبی امور اور زکواہ و عشرہ کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی‘مذکورہ محکمہ وقف املاک کی مد میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں‘ حیدرآباد سرکل ون‘سکھر‘ ٹھٹھہ سمیت دیگر سرکل کے افسران وقف املاک کی مد میں وصولی کرنے کے بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی عدم توجہ اور نااہلی کی وجہ سے ٹیکس وصولی سمیت دیگر واجبات کی ادائیگی کرنے کے لیے محکموں کے مجاز حکام اقدامات اٹھانے سے قاصرہیں‘ جس کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ سندھ کے محکمہ اوقاف‘ مذہبی امور اور زکواہ و عشرہ کی جانب سے بھی وقف املاک کی مد میں وصولی نہ کیے جانے کا آڈٹ حکام نے اپنی رپوٹ میں بھانڈا پھوڑ دیا ہے‘ جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ مذکورہ محکمے کے مجاز حکام املاک کی لیز اور کرائے پر دیئے جانے کی مد میں رقوم کی وصولی برسوں سے نہیں کررہے ہیں‘ اس ضمن میں بارہا لکھنے کے باجود اقدامات نہیں کیئےجارہے ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حیدرآباد سرکل ون کی جانب سے5لاکھ روپے سے زائد‘ سکھر7لاکھ روپے سے زائد‘ ٹھٹھہ 5 سمیت شکارپور سرکل کے افسران کی جانب سے بھی لاکھوں روپے وقف املاک کی مد میں وصولی کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔آڈٹ حکام کی جانب سے بقایاجات کی وصولی میں محکمے کی انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا جاچکا ہے‘ اور مجاز حکام سے سفارش بھی کی گئی کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے‘ لیکن اس کے باوجود محکمے کے مجاز حکام وصولی نہ کرنے والے افسران و عملہ اور نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے بالا حکام گریزاں ہیں۔