بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ بانی نے اپنے اور اپنی اہلیہ کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا کہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رات کو 8 بجے ہم سب وکلاء کو اطلاع ملی تھی، توشہ خانہ ٹو کیس کی اچانک سے اطلاع ملی۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو کیس کو ملتوی کیا گیا، آج عدالتی کارروائی ہونی تھی فیصلہ نہیں سنایا جانا تھا، دلائل مکمل ہونے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان اور وکلاء کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا گیا، دونوں کو 17، 17 سال قید اور ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جج صاحب نے 59 صفحات اور 35 پیرا گراف پر مشتمل لکھا ہوا فیصلہ سنایا ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 409 کے تحت 7، 7 سال قید کی بھی سزا سنائی گئی۔ مجموعی طور پر دونوں کو 17، 17 سال کی سزا سنائی گئی جبکہ ان دونوں کو 1 کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
احتساب عدالت کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنایا۔