• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بھتے کیلئے فون کال کہاں سے کی جارہی ہیں؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں تاجروں سے بھتا وصول کرنے کے واقعات پر بنی پولیس کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہوگئی۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق آباد کے 8 اراکین کو بھتا وصولی کے لیے دھمکی آمیز کال کی گئی تھی، پہلا واقعہ 27 ستمبر کو ملیر میں پیش آیا تھا جس کا مقدمہ اسی روز ملیر سٹی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 13 دسمبر کو ناظم آباد میں چھاپے کے دوران 3 ملزمان گرفتار ہوئے جو کہ ملیر میں بھتا وصولی میں ملوث تھے۔

اس کیس سے متعلق پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھتے کی کال بیرونِ ملک کے نمبر سے کی گئی تھی۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق بھتے کی دھمکی ملنے کا دوسرا واقعہ 30 ستمبر کو بہادرآباد میں ہوا، اس مرتبہ بھی کال بیرونِ ملک کے نمبر سے آئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسرے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا جو کہ مختلف آن لائن ایپلی کیشن سے بھتا وصول کرتا تھا۔

بھتے کی کال کا تیسرا واقعہ 2 دسمبر کو سرلجر بازار کے علاقے میں پیش آیا، یہ بھتے کی کال بھی بیرونِ ملک کے نمبر سے کی گئی تھی، اس واقعے میں ملوث ایک ملزم مارا گیا اور 5 گرفتار ہوئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک کے ہی نمبر سے چوتھی کال دسمبر میں ہی سولجر بازار میں کی گئی، اس واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ دسمبر میں ہی صدر کے علاقے میں پانچویں کال بیرونِ ملک نمبر سے کی گئی اور چھٹی کال ایک افریقی ملک کے نمبر سے گلشنِ اقبال میں بلڈر کو کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ناظم آباد میں دو ہفتے قبل ایک افریقی ملک کے نمبر سے ایک اور کال بلڈر کو کی گئی، اس واقعے میں ملوث ملزم کو درخشاں پولیس نے گرفتار کیا جبکہ دسمبر میں ہی گارڈن کے علاقے میں بلڈر کو بیرونِ ملک کے نمبر سے کال کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر گینگ کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

’تمام کالز کیلئے غیرملکی اور جعلی نمبروں کا استعمال‘

اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام واقعات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، تمام کالز غیرملکی اور جعلی نمبروں سے کی گئی ہیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ بھتے کی کال کے سرغنہ مختلف ممالک میں مقیم ہیں، پولیس کا خصوصی تفتیشی یونٹ بھتے کے حوالے سے کام کر رہا ہے، دیگر اداروں کی جہاں ضرورت ہوگی ان کو شامل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کالز غیرملکی نمبروں سے کی گئی ہیں، متعلقہ اداروں کو اس معاملے کی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید