پاکستان کی جیت، عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم کا اظہار مسرت

October 25, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم نے گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے والے پاک بھارت میچ میں پاکستان کی تاریخی فتح پر اولڈ ٹریفرڈ فٹبال گراونڈ سے منفرد انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر برطانیہ کے اولڈ ٹریفرڈ فٹبال گراؤنڈ میں اپنے ساتھی اداکار اعجاز اسلم کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں عدنان صدیقی نے اعجاز اسلم سےکہا کہ ’ جی اعجازصاحب کیا لگ رہا ہے ، پاکستان نے کیسا کھیلا ۔‘

اعجاز اسلم نے جواب دیا کہ ’ پاکستان نے بہت اچھا کھیلا ۔‘

عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ ’ ماشااللہ! جی اس وقت پاکستان چار گول سے جیت رہا ہے ۔‘

جس پر اعجاز اسلم نے کہا کہ ’ اور لیور پول ہار رہا ہے۔‘

اعجاز اسلم کی اس بات پر عدنان صدیقی نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’ نہیں نہیں ، انڈیا صفر پر ہے۔‘

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اداکار اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی آج کل بر طانیہ میں موجود ہیں اور جس وقت پاکستان نے بھارت کو میچ میں ہرایا تو وہ دونوں برطانیہ کے اولڈ ٹریفرڈ فٹبال گراؤنڈ میں ہونے والا لیور پول اور مانچسٹریونائیٹڈ کا فٹبال میچ دیکھ رہے تھے ۔