بھارتی شکست پر دہلی سے مقبوضہ کشمیر تک پاکستان زندہ باد کے نعرے

October 26, 2021

کراچی، نئی دہلی (نیوز ڈیسک ، اے ایف پی،مانیٹرنگ نیوز)بھارتی شکست پر دہلی سے مقبوضہ کشمیر تک پاکستان زندہ باد کےنعرے، ہندو انتہا پسند پاکستان کی فتح پر مشتعل، مسلمان کرکٹر شامی کیخلاف نفرت انگیز مہم شروع، کشمیریوں پر بھی حملے کیے گئے۔

غیرملکی میڈیاکےمطابق پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے سیماپوری میں آتشبازی کی گئی اور پٹاخے پھوڑے گئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس آتشبازی کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس نے سابق بھارتی کرکٹرز کو سیخ پا کردیا، وریندر سہواگ نے ایک پیغام میں کہا کہ دیوالی پر پٹاخوں پر پابندی ہے لیکن حال ہی میں پاکستان کی فتح پر ملک کے کچھ حصوں میں پٹاخے پھوڑے گئے، دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے کا کیا نقصان ہے؟ یہ سب ڈھونگ کیوں؟۔

سابق کرکٹر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی گوتم گمبھیر نے بھی ایک پیغام میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں آتشبازی پر برہمی کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کی جیت کی خوشی میں آتش بازی ہوئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

دوسری جانب بھارت میں مذہبی عدم برداشت نے اقلیتوں کیلئے زندگی مشکل تر بنادی ہے، اس کی تازہ ترین مثال پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی انتہا پسندوں کا رویہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند ہندوئوں نے شکست کا ذمہ دار بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کو قرار دے کر انہیں پاکستان جانے کا مشورہ دیدیا، بھارت میں ’شامی اور شیم فل‘ کے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کرنے لگے۔

سوشل میڈیا پر شامی کو غدار اورمیچ فکسر کہنے کے ساتھ ساتھ غلیظ گالیوں سے نوازا جارہا ہے۔