سیرت طیبہؐ پر عمل کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، علمائے کرام، کمیونٹی رہنما

October 26, 2021

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) حضور ﷺ کی سیرت طیبہ کے انسانی حقوق سے متعلق نکات امن، رواداری، انصاف اور برداشت کو انسانی حقوق کمیشن میں شامل کرکے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ آپﷺ کی سیرت طیبہ قیامت تک کیلئے مشعل راہ ہے اور اس میں امن و سلامتی ہے۔ حضور نبی آخرالزمانﷺ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری کائنات کیلئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے ۔ آپﷺ کی سیرت طیبہ سے استفادہ حاصل کرکے دہشت گردی اور جہالت سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر علائو الدین صدیقی کے نورنظر و سجادہ نشین دربار عالیہ نیریاں شریف حضرت پیر نورالعارفین صدیقی، پاکستان کے سینئر پارلیمنٹرین پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے رہنما محمد اعجاز الحق اور دیگر نے محی الدین ٹرسٹ کے زیراہتمام سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ فاروق چشتی، طاہر چوہدری اور عالمی شہرت یافتہ مبلغ اسلام حضرت صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے کانفرنس کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری محمد علی پاکستان نے حاصل کی ، بارگاہ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول صاحبزادہ کمال الدین، صاحبزادہ غلام محی الدین، ارباز شاہ اور دیگر نے پیش کئے ۔کانفرنس میں مشائخ سید ظفر اللہ شاہ، علامہ محمد دین سیالوی، پیر ذوالکفل حسین صابر، حافظ فضل احمد قادری، صاحبزادہ جنید اختر، مفتی عبدالکریم جماعتی، خلیفہ صوفی صفدر حسین ہارونی، قاری حنیف صابری، الحاج راجہ جاوید اقبال، قاری احسن نقشبندی، چوہدری ارشاد، امام حفیظ الرحمٰن چشتی، علامہ قدوس ہاشمی، سید عرفان شاہ، صوفی حماد ارشاد صدیقی، علامہ عاطف جبار حیدر، ڈاکٹر راحیل صدیقی، مفتی علامہ منظور ربانی سمیت علماء و مشائخ سمیت کمیونٹی نے برطانیہ بھر سے شرکت کی،عاشقان مصطفیٰ سبز ہلالی پرچم اٹھائے سرکار کی آمد مرحبا، سیدی مرشدی یا نبی یا نبی کے نعرے بلند کرتے رہے، دونوں بڑے ہال خواتین و حضرات سے کچھا کھچ بھرے ہوئے تھے۔ حضرت پیرنورالعارفین صدیقی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پیغمبر اعظمﷺ جن کی خاطر اللہ رب العزت نے یہ سارا جہان سجایا،دنیا میں مکمل نظام حیات لے کر آئے جس میں انسانوں کی بھلائی کے لئے امن، رواداری، انصاف، مساوات کا ایسا سبق موجود ہے جس پر عمل سے دنیا کو امن کا گہوارہ اور دہشت گردی سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کی تعلیم کے ساتھ اعلیٰ تربیت ہماری اولین ذمہ داری ہے، یہ عظیم الشان میلاد النبی ﷺکانفرنس کے ذریعے جامع محی الدین صدیقہ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میلاد النبی ﷺتجدید عہد کا دن ہے ، ہم دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے حضور شیخ العالم پیر علائو الدین صدیقی کے دنیا بھر میں جاری پراجیکٹس کو جاری و ساری رکھنے کا عزم کرتے ہیں، یہ سب آپ کے تعاون سے ممکن ہے، پاکستان کے سینئر پارلیمنٹرین محمد اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ حضور نبی کریمﷺ پوری کائنات کیلئے نبی بنا کر بھیجے گئے ، قیامت تک آپ کی سیرت طیبہ میں انسانیت کی بھلائی کیلئے رہنمائی موجود ہے۔ میں ذاتی طور پر حضرت پیر نورالعارفین صدیقی اور ان کے جدامجد کی انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کاموں کا معترف ہوں، یہ وطن سے محبت کا ثبوت ہے کہ برطانیہ میں رہتے ہوئے پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں ضرورت مندوں کی مدد اور تعلیمی میدان میں کام کیا جارہا ہے۔۔ آخر میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر سمیت شہداء کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی، مہمانوں کی تواضع لنگر سے کی گئی ۔