کورونا کے اثرات کم ہونے کے باوجود اس سے باخبر رہنا ہوگا،صوبائی وزیر جنگلات

October 26, 2021

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات کم ہونے کے باوجود اس سے باخبر رہنا ہوگا اور دوبارہ حملے سے محفوط رہنے کیلئے ہر شہری کو بہر صورت ویکسین کروانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم "ریڈ" (ریچ ایوری ڈور) کا آغاز اسی تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں صوبے بھر میں یومیہ دس لاکھ ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ ڈور تو ڈور ویکسینیشن مہم اپنی نوعیت کی منفرد مہم ہوگی جس کیلئے 12 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ مزید 14 ہزار ویکسینیشن سنٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔