ٹی 20 ورلڈ کپ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو مسلسل دوسری شکست

October 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز کو پہلے میچ میں انگلینڈ نے آئوٹ کلاس کیا تھا۔ جنوبی افریقا نے ٹورنامنٹ میں پہلی جیت اپنے نام کی ۔ منگل کو دبئی اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹ پر143رنز بنائے۔ جنوبی افریقا نے ہدف دس گیندیں پہلے پورا کر لیا۔ ایڈم مارکرم نےچار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے26گیندوں پر51ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ وان ڈر ڈوسن نے51گیندوں پر43 ناقابل شکست رنز تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔فاسٹ بولر اینترخ نورکیا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے چار اوورز میں14 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ ایون لوئس نے 56 ،کیرون پولارڈ 26 اور لینڈل سمنز 16رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقاکی جانب سے ڈیوین پریٹوریئس 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے۔