عراق، بغداد کے شمال میں داعش کے حملے میں11افراد ہلاک

October 28, 2021

بغداد (اے ایف پی /جنگ نیوز )عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں ایک گاؤں پر ہونے والے حملے میں کم از کم11افراد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی حکام نے حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی ہے۔عراق میں سکیورٹی حکام نے 26اکتوبر منگل کے روز دارالحکومت بغداد کے شمال میں دیالہ صوبے کے الرشاد نامی گاؤں پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی ہے۔ اس حملے میں کم سے گیارہ افراد ہلاک اور مزید 6بری طرح سے زخمی ہو گئے۔گاؤں والوں نے جب تاوان دینے سے منع کر دیا تو داعش کے جنگجوؤں نے پہلے گاؤں کے دو افراد کو اغوا کر لیا اور پھر دیگر رہائشیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔