کڑی کے مختلف پکوان

October 29, 2021

عظمٰی صدیقی

روزروز بر یانی ،کڑاہی اور چکن کے پکوان کھا کھا کر دل اُگتا جاتا ہے ،اسی لیے اس ہفتے ہم مختلف طر یقوں کی کڑی کی تراکیب پیش کررہے ہیں ۔ان میں سے جو آپ کو آسان لگیں یا جو آپ کو پسند آ ئے اسی ضرور آزمائیں ،خود بھی مزے سے کھائیںاور گھروالوں کو بھی کھلائیں ۔

میتھی دانے کی کڑی

اجزاء:ثابت میتھی دانہ ایک کپ، تیل ایک چائے کا چمچہ ،ہنگ ایک چٹکی ،چلی پا ئوڈر چائے کا ایک چمچہ ،سوکھا دھنیا ایک چائے کا چمچہ ، لیموںکا رس دو کھانے کے چمچے، کٹا ہوا ہرا دھنیامٹھی بھر ،نمک ایک چائے کا چمچہ

ترکیب: میتھی ثابت دانہ کو اچھی طرح دھو کر ایک پیالی پانی میں بھگو دیں اور تین چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں، پھر اسی پانی میں اتنا اُبالیں کہ وہ نرم اور پانی خشک ہو جائے۔ تیل کو ایک برتن میں گرم کر یں اور اس میں زیرہ ڈال کر پکائیں۔ جب وہ جوش کھانا بند کر دے تو اس میں ہنگ شامل کر لیں۔

پھر چلی پاؤڈر، ہلدی اور سوکھا دھنیا چار کھانے کے چمچ پانی میں مکس کر کے تیل والے برتن میں ڈال دیں۔ درمیانی آنچ پر ہلاتے ہوئے اس قدر پکائیں کہ وہ خشک ہو جائے۔ اس میں ابلا ہوا میتھی دانہ اور ایک کپ پانی شامل کر کے اُبالیں اور دو منٹ تک پکنے دیں،پھر چولہے سے ہٹا کر لیموں کا رس چھڑ کیں اور ہرے دھنیے سے سجاوٹ کر یں۔

کڑی

اجزا: دہی آدھا کلو ، چھاج آدھا لیٹر ،بیسن ایک پائو ،ہلدی ایک چائےکا چمچہ، نمک حسب ِضرورت ،کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،میتھی دانہ ایک کھانے کا چمچہ ۔

تڑکہ لگانے کے لیے اجز ا: لہسن کے جو ئے چھ عدد ،گو ل مر چ چھ عدد ،کڑی پتے چھ عدد ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ ۔

پکوڑے بنانے کے لیے اجزا: بیسن ایک پائو ،کٹی پیاز ایک عدد ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،نمک آدھا چائے کا چمچہ ،تیل حسب ِضرورت ۔

ترکیب: آدھا کپ تیل گر م کرکے ایک چائے کا چمچہ میتھی دانہ ڈال دیں جب خوشبو آنے لگے تو اس میں ایک کھانے کا چمچہ کٹی لال مرچ ،ایک چائے کا چمچہ ہلدی اور ایک چائے کا چمچہ نمک ڈال لر بھون لیں ،پھر چھاج اور بیسن اچھی طر ح پھینٹ لیں اور ڈش میں ڈال دیں ۔آدھے گھنٹے ہلکی آنچ پر پکنے دیں ۔

پکوڑے بنانے کی ترکیب :

پکوڑے بنانے کے لیے بیسن میں ایک چائے کا چمچہ زیرہ ،پسی لال مرچ ،آدھا چائے کا چمچہ نمک اور ایک عدد کٹی پیازکے پکوڑے بنا کر تل لیں ،جب کڑی پک جائے تو اس میں بنائے ہوئے پکوڑے ڈال لیں ۔آخر میں آدھا کپ تیل گرم کرکے چھ عدد لہسن کے جوئے ،چھ عدد گول مرچ،ایک چائے کا چمچہ زیرہ ،چھ عدد کڑی پتوں کو فرائی کریں اور کڑی پر ڈال دیں ۔

کڑی سالن

اجزا:لسی ایک کلو ،نمک ،مرچ حسب ضرورت ،لہسن 10 جوئے، پیاز دو عدد،بیسن ایک پاؤ،ہلدی ایک چھوٹا چمچہ،گھی آدھا کپ، سوڈا آدھا چائے کا چمچہ۔

ترکیب:لسی میں بیسن کو گھول لیں۔ نمک، مرچ، لہسن اور پیاز کو پیس لیں۔ گھی کی آدھی مقدار میں مسالہ خوب بھون لیں۔ خوشبو آنے لگے تو لسی اور بیسن کا آمیزہ ڈال کر ہلکی آنچ پر گاڑھا ہونے تک پکائیں زیادہ پتلی یا گاڑھی نہ ہو۔

دوسرے بیسن میں نمک، مرچ ، پیاز کاٹ کر کھانے کا سوڈا ملا لیں، پھر گھول کر گھی میں پکوڑے تل لیں اور ساتھ ساتھ کڑی میں ڈالتی رہیں۔ تھوڑی سی کٹی ہوئی پیاز اور ثابت زیرے کا تھوڑے سے گھی میں بگھار کر کے اوپر سے ڈال دیں۔