• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم جونگ ان اور بیٹی جو اے کی کوٹ میچنگ نے نئی بحث چھیڑ دی

—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

شمالی کوریا کے رہنما کم جو ان اور ان کی کم عمر بیٹی جو اے کو فوجی پریڈ میں ایک جیسی لیدر جیکٹس پہنے دیکھا گیا جس سے جانشینی سے متعلق قیاس آرائیوں میں مزید تیزی آ گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری تصاویر میں جو اے کو حکمراں جماعت ورکرز پارٹی آف کوریا کانگریس کی تقریب کے اختتامی مرحلے میں نمایاں مقام دیا گیا۔

تصاویر میں باپ بیٹی کو ایک ساتھ فوجی پریڈ کا جائزہ لیتے دکھایا گیا جبکہ کِم جونگ ان کی اہلیہ ری سول جو بھی ہم رنگ لباس میں موجود تھیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا میں لباس اور انداز سیاسی علامت رکھتے ہیں اور رہنما کی مخصوص جیکٹس میں بیٹی کی موجودگی کو اتفاق نہیں سمجھا جا رہا، دیگر مناظر میں جو اے کو سرخ قالین پر والد کے ساتھ فوجی قیادت سے سلامی وصول کرتے بھی دیکھا گیا۔

جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس کے مطابق جو اے کو ممکنہ جانشین کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تاہم شمالی کوریا کے سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ تاحال باضابطہ طور پر عہدے کے لیے کم عمر ہیں۔

واضح رہے کہ جو اے پہلی بار 2022ء میں میزائل لانچ کے موقع پر منظرِ عام پر آئی تھیں۔

ان کی عمر کی تصدیق نہیں کی گئی مگر اندازہ ہے کہ اُنہوں نے ابھی نوعمری میں قدم رکھا ہے۔ 

جو اے لگژری فیشن ایبل پہناووں اور والد کے انداز سے مشابہ لباس کے باعث بھی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید