کراچی: مکینک کی دکان پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

November 13, 2021


کراچی شرقی کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک مکینک کی دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کورنگی نمبر 5 میں طیبہ مسجد کے قریب واقع موٹر مکینک کی دکان پر پیش آیا۔

فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو واردات انجام دینے کے بعد فرار ہو گئے۔

زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق جناح اسپتال لائے جانے تک دونوں زخمی افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو چکے تھے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے 33 سالہ شخص کی شناخت خرم امیر خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے 35 سالہ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔

پولیس کے مطابق واقعہ باہمی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔