اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا دروازہ کل بھی کھلا رکھیں گے، بابر اعوان

November 16, 2021

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا دروازہ کل بھی کھلا رکھیں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل دوپہر 12 بجے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، قانون عوامی مفاد کے لیے ہے کسی کو فائدہ دینے کے لیے نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق بل پیش کئے جائیں گے۔

مشیر برائے پارلیمانی امور نے یہ بھی کہا کہ آئی ووٹنگ، ووٹنگ مشین سے متعلق بل بھی مشترکہ اجلاس میں پیش کئےجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بل، اینٹی ریپ بل بھی مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

بابر اعوان نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت کے فیصلے کی تعمیل کے تحت کلبھوشن بل پیش کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسلام آباد میں قانون کرایہ داری اور فیملی لا سے متعلق دو بل بھی پیش ہوں گے۔