حضورﷺ رشد و ہدایت کا دائمی سرچشمہ ہیں، ڈاکٹر خالد عراقی

November 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ خاتم النبین کے اسوہ حسنہ رشد وہدایت کا دائمی سرچشمہ ہیں، اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جس کا حیطہ تحریر میں آناممکن نہیں،لیکن ان تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت سرکاردوعالم ﷺ کی تشریف آوری ہے۔رسول اکرم ﷺ کی ذات بلند ترین ذات ہے، ان کی ذات کے ساتھ دین بھی اورپیغام بھی مکمل ہوا۔ اسلام ایک پر امن دین ہے اور اس کے ماننے والے مہذب اور پر امن لوگ ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے انجمن محبان رسولؐ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقدہ محفل میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلاد سے حافظ غلام محمد سوہو محمودی قادری ، علامہ محمد ابراہیم قادری محمودی اور شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صاق علی خان نے بھی خطاب کیا۔ منصور احمد قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا جبکہ معروف نعت خواں محمودالحسن اشرفی اورخاور نقشبندی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔