زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل شاہین ون ۔ اے کا تجربہ کامیاب

November 26, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ‎پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کی آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کرلیا،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،و زیراعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور سروسز چیفس نے اس عظیم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے جمعرات کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کی آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ اس تجربے کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے تکنیکی پیرامیٹرز اور ڈیزائنز کی دوبارہ تجدید ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج ،چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر ، کمانڈر آرمیسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی ، سائنسدانوں اور سٹریٹجک ادارے کے انجینئرز نے تجربے کا مشاہدہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور ان کے شاندار کردار ،عزم ، لگن اورتکنیکی مہارت کو بھی سراہا جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،و زیراعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور سروسز چیفس نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔