آٹے کا کوئی بحران نہیں، ریٹیل قیمت 55 روپے فی کلو ہے، سندھ حکومت

November 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور وزیر خوراک و ایکسائیز سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ سندھ میں اس وقت آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے اور آٹے کی ایکس فلور ملز ہول سیل قیمت 54 روپے جبکہ ریٹیل قیمت 55 روپے فی کلو ہے اور آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے، وفاقی وزراء سندھ میں 16 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی چوری کی تحقیقات کی بجائے اس 66 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی تحقیقات کروائیں جو پنجاب سے غائب ہوئی اور خود وفاقی وزیر نے ایوان کے فلور پر اس کا اعتراف کیا تھا، جمعرات کوسندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ۔ گذشتہ 10سالوں کے دوران سندھ میں 12لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم پروکیور ہی نہیں کی گئی تو نہیں معلوم کہ نااہل اور نالائقوں کو کون سے 16لاکھ میٹرک ٹن کی چوری کی رپورٹ ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے اجلاس اور بعد ازاں وفاقی وزیر کی جانب سے دی جانے والی میڈیا بریفننگ میں کہا گیا کہ اس وقت ملک میں گندم اور آٹے کے بحران کی وجہ سندھ حکومت ہے کیونکہ وہاں16لاکھ میٹرک ٹن گندم چوری ہوگئی ہے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے سندھ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔