ہمارا مسئلہ مہنگائی، لوگ پس گئے، IMF معاہدے کے بعد نیا ٹیکس لگائیں گے نہ بڑھائیں گے، استثنیٰ ختم کریں گے، فائدہ عوام کو ہوگا، مشیر خزانہ

November 27, 2021

ہمارا مسئلہ مہنگائی ہے، لوگ پس گئے،شوکت ترین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ہمارا مسئلہ مہنگائی ہے، لوگ پس گئے،IMFمعاہدے کے بعد نیا ٹیکس لگائیں گے نہ بڑھائیں گے، استثنیٰ ختم کرینگے، فائدہ عوام کو ہوگا،ڈالر 8،9 روپے نیچے آئےگا،سٹے بازمار کھائیں گے

روپیہ گرنے کی افواہوں پر توجہ نہ دیں، آئی ایم ایف کو ٹیکس لگانے سے انکار کیا،آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، جلد تیل کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگی۔

جمعہ کو سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی)ہائوس میں پہلے پروفیشنل کلیئرنگ ممبر (PCM)کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشوکت ترین نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ہمیں اسٹاک مارکیٹ پر لوگوں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، ایس ای سی پی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن تیزی سے ہو رہی ہے.

ماضی کے مقابلے کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 20 فیصد اضافہ ہوا، نئی 223 کمپنیوں نے چھوٹے سرمائے سے آغاز کیا تو معیشت میں بہتری ہوگی۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کر رہے ہیں کہ روپے کی قدر بہتر ہو، آئی ایم ایف معاہدہ کے بعد ٹیکسز میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ چھوٹ ختم ہوں گی، ہم ٹیکس نہیں بڑھانے دیں گے

افواہیں تھیں لاکرز سیل ہو جائیں گے، کوئی ایسی چیز نہیں ہوگی، جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر مزید ٹیکس عائد نہیں ہوگا، کیا کھاد پر سبسڈی ہمارے کسانوں تک پہنچ رہی ہے؟ کھاد پر سبسڈی سے بھی یوریا کی بوری کسان کو 2200 میں مل رہی ہے، ہم کسانوں کو ڈائریکٹ ٹارگٹڈ سبسڈی دینے جا رہے ہیں۔

مشیرخزانہ نے مزید کہا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں، ہمارے ہاں غربت کا نہیں بلکہ افراط زر کا مسئلہ ہے

لوئر مڈل کلاس پس رہا ہے، ریسٹورنٹس میں جائیں کھانا کھانے کیلئے لوگوں کی لائنیں لگی ہوتی ہیں، گاڑیاں بھی اسی طرح فروخت ہو رہی ہیں، غریب یا لوئر مڈل کلاس پس رہی ہے، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے احساس راشن پروگرام لا رہے ہیں۔