ڈائٹنگ کے چکر میں موت کے منہ سے واپس آئی ہوں، مشال خان

November 27, 2021

کراچی (آئی این پی) معروف اداکارہ مشال خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اسمارٹ ہونے کیلئے سخت ڈائٹنگ کے سبب موت کے منہ سے نکل کر زندگی کی جانب واپس آئی ہیں۔مشال خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اسکول کے دور میں وہ بہت موٹی تھیں اور انہوں نے موٹا ہونے کے سبب بہت تنقید برداشت کی ہے، اسکول میں ان کا بہت مذاق اڑایا جاتا تھا اور وہ باقاعدہ گھر میں آ کر رویا کرتی تھیں۔ مشال خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے اپنی ذات پر بہت جبر کیا اور خود کو انڈسٹری کے مطابق ڈھالا اور پتلی ہو گئیں، ایک ایسا بھی وقت آیا تھا جب انہوں نے 5 سے 6 ماہ کے دوران ایک بھی نوالا کھانے کا نہیں کھایا تھا کیوں کہ انہیں ڈر تھا کہ وہ دوبارہ پھول جائیں گی، اس دوران وہ بہت بیمار ہو گئی تھیں اور وہ سمجھتی ہیں کہ صحت یاب ہونے کے بعد اللہ نے اب یہ انہیں نئی زندگی دی ہے۔