چٹا گانگ ٹیسٹ میں پاکستانی اوپنرز کی اچھی کارکردگی

November 27, 2021

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں دوسرے دن کے اختتام پربغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنالیے ہیں جبکہ 185 رنز کا خسارہ باقی ہے۔

پاکستان کی جانب سے عابد علی نے 180 گیندوں پر 2چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے ہیں جبکہ عبدﷲ شفیق 52 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلادیش کے خلاف عبدﷲ شفیق نے ڈیبیو ٹیسٹ میں نصف سنچری بنائی، انہوں نے 154 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔

خیال رہے کہ بنگلادیش پہلی اننگز میں 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے، بنگلا دیش نے میچ میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے جبکہ دوسرے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم مزید 77 رنز بناسکی۔

بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 114 اور مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے جبکہ مہدی حسن 38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کے 5 شکار کیے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

میزبان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شادمان اسلام، سیف حسن، نجم الحسن شانتو بالترتیب 14، 14 جبکہ کپتان مومن الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ لٹن داس 114 اور مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یاسر علی 4، تائج الاسلام 11، ابوجاید 8 اور عبادت حسین صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے 22 سالہ عبداللّٰہ شفیق پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔

اس موقع پر عبداللّٰہ شفیق نے کہا تھاکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے، آج کے دن میرا خواب پورا ہوا ہے، اپنے سینئر کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں رکی پونٹگ میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں سے اوپنر امام الحق کو پہلے ٹیسٹ میں آرام کروایا گیا ہے۔

پلیئنگ الیون کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان محمد رضوان، عابد علی، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی اور فواد عالم کے علاوہ حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان اور فہیم اشرف شامل ہیں۔