• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چٹا گانگ ٹیسٹ:بنگلا دیش کی ٹیم پہلے دن 253 رنز بنانے میں کامیاب

چٹا گانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو میچ کے پہلےسیشن میں تک تو غلط ثابت ہوتا ہوا تاہم 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد مشفق الرحیم اور لٹن داس نے سینچری شراکت قائم کی جو دن کے اختتام تک قائم رہی۔

میچ میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک بنگلا دیش نے  4 وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنا لیے ہیں،  مشفق الرحیم 82 اور لٹن داس 113 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا جارحانہ انداز سے آغاز کیا اس کے دونوں اوپنرز نے باؤنڈریز کی شکل میں رنز بنانا شروع کیے۔

اننگ کے پانچویں اوور میں شاہین شاہ کے ایک ٹارگٹڈ باؤنسر پر میزبان ٹیم کے اوپنر سیف حسن سلی پوائنٹ پر کھڑے عابد علی کو کیچ دے بیٹھے اور یوں 19 کے مجموعی اسکور پر ٹیم کو پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

میزبان ٹیم کا اسکور 33 رنز پر پہنچا تو اس کے دوسرے اوپنر شادمان اسلام 14 رنز بنا کر حسن علی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، میزبان ٹیم کی جانب سے وکٹ بچانے کیلئے لیا گیا ریویو بھی ضائع ہوا۔

میزبان ٹیم کا اسکور 47 رنز پر پہنچا تو اس کی تیسری وکٹ اسپنر ساجد خان کے حصے میں آئی جب مومن الحق 6 رنز بنا کر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے فوری بعد اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد 49 کے مجموعی اسکور پر نجم الحسن شانتو 6 رنز بنا کر فہیم اشرف کی بال پر ساجد حسن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مابین 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج چٹا گانگ میں کھیلا جارہا ہے۔

عبداللّٰہ شفیق کا ڈیبیو

پاکستان کی جانب سے 22 سالہ عبداللّٰہ شفیق آج پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں، انہیں کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔

اس موقع پر عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے، آج کے دن میرا خواب پورا ہوا ہے، اپنے سینئر کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں رکی پونٹگ میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں سے اوپنر امام الحق کو پہلے ٹیسٹ میں آرام کروایا گیا ہے۔

پلیئنگ الیون کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان محمد رضوان، عابد علی، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی اور فواد عالم کے علاوہ حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

تازہ ترین