رواں سال پاکستانی فاسٹ بولرز کیلئے بہترین کیوں؟

November 27, 2021

1993ء کے بعد سے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ فارمیٹ میں قومی فاسٹ بولرز کے لیے بہترین سال ثابت ہوگیا۔

کرکٹ ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ 1993 کے بعد سے 2021 ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی فاسٹ باؤلنگ کا بہترین سال رہا ہے۔

کرکٹ ایکسپرٹ کے مطابق رواں سال پاکستان کے فاسٹ بولرز نے 22.89 کی اوسط سے 95 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں بہترین کردار شاہین شاہ آفردی اور حسن علی کا ہے۔

اس سے قبل سال 1993 میں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے وقار یونس اور وسیم اکرم کی بدولت 21.49کی اوسط سے 99 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں لیکر سابق لیجنڈری کرکٹر عمران خان اور وقار یونس کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کے 5 شکار کیے جس کے بعد وہ پاکستان کے اُن باؤلرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران 5 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔