بہو گھر میں بیٹھنے نہیں دیتی، کہتی ہے جلدی شو پہ جاؤ، والدہ کپل شرما

November 30, 2021

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کامیڈین کپل شرما کی والدہ بھی ان کے شو میں شریک ہوتی ہیں اور مہمانوں میں بیٹھی اپنے بیٹے کے لطیفوں سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ گاہےبہ گاہے شو میں آنے والے مہمان کپل شرما کی والدہ کے ساتھ بھی گفتگو کرتے ہیں اور وہ ان کے سوالات کے اپنے دیسی پنجابی انداز میں دلچسپ جوابات دیتی ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی کچھ ایسی ہی صورتحال بنی اور کپل شرما کی والدہ نے اپنی بہو گنی شرما کے متعلق ایسی بات کہہ دی کہ کپل بھی بھونچکا رہ گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دی کپل شرما شو کی اس قسط میں بولی وڈ فلم باب بسواس کی مرکزی کاسٹ ابھیشک بچن اور چترانگدا سنگھ آئے ہوئے تھے جنہوں نے کپل کی والدہ کے ساتھ گفتگو کی۔ اس دوران کپل کی والدہ نے انکشاف کر ڈالا کہ ان کی بہو گنی انہیں گھر بیٹھنے ہی نہیں دیتی اور کہتی ہے کہ آپ شو میں جاؤ۔ کپل کی والدہ نے کہا کہ ”وہ کہتی ہے جلدی جاؤ شو پہ، وہ جلدی جلدی سوٹ نکال دیتی ہے، پہلے ہی۔ وہ ایسے ہی کر دی آ۔ “گزشتہ دنوں کپل شرما بولی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کے شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شریک ہوتے تھے اور وہاں بھی ان کی والدہ ان کے ہمراہ تھیں۔ جب کپل شرما نے وہاں چٹکلے چھوڑے تو امیتابھ بچن نے مذاق میں کپل شرما کی والدہ سے پوچھ لیا کہ ”آپ نے کیا کھا کر اسے پیدا کیا تھا؟“ اس کے جواب میں کپل شرما کی والدہ نے کہا ”دال پھلکا۔“