بارباڈوس نے ریحانہ کو اپنا قومی ہیرو قرار دینے کا اعلان کردیا

December 01, 2021

برج ٹاؤن(مانیٹرنگ ڈیسک)کیریبین ملک بارباڈوس نے گلوکارہ، اداکارہ اور معروف فیشن ڈیزائنر ریحانہ کو اپنا قومی ہیرو قرار دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعزاز انہیں آج دیا جائے گا۔بارباڈوس نے 30 نومبر2021 کو اپنی آزادی کا اعلان کیا اور برطانوی شاہی پرچم کو بھی سلطنت کے اہم مقامات سے اتار لیا گیا۔دنیا کے نئے جمہوری ملک نے متعدد گریمی ایوارڈز جیتنے والی گلوکارہ اور کاروباری خاتون کو سال 2018 میں سفیر ’غیر معمولی‘ کا خطاب دیا تھا اور اسے تعلیم اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کا کام سونپا تھا۔گزشتہ روز ہونے والی تقریبات میں وزیر اعظم میا موٹلی نے کہا کہ ’امبریلا‘ گانے والی اداکارہ نے ’اپنی تخلیقی صلاحیتوں، اپنے نظم و ضبط اور سب سے بڑھ کر اپنی پیدائش کی سرزمین کے ساتھ اپنی غیر معمولی وابستگی کے ذریعے دنیا کے تصور کو بہترین بنایا۔موٹلی نے گلوکارہ کو اپنے ساتھ کھڑے ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ ایک شکر گزار قوم کی طرف سے، ہم آپ کو بارباڈوس کے قومی ہیرو کے لیے نامزد سفیر، روبین ریحانہ فینٹی پیش کرتے ہیں۔‘انہوں نےگلوکارہ کے مشہور گانے’ڈائمنڈز‘ کو سرہاتے ہوئے کہا کہ ’ آپ ہیرے کی طرح چمکتی رہیں، اپنے الفاظ اور اپنے کام کے لیے جہاں کہیں بھی جائیں، اپنی قوم کے لیےعزت لاتی رہیں۔‘ 33 سالہ ریحانہ بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئیں اور دارالحکومت برج ٹاؤن میں پرورش پائی، وہ ایک غریب گھرانے میں پلی بڑھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ریحانہ کو ’دنیا کے لیے ایک علامت‘ کے طور پر پہلی قومی ہیرو قرار دینے کے لیے منتخب کیا۔قومی ہیرو قرار دیے جانے کے بعد ریحانہ 10 دیگر باربیڈینز کے ایک منتخب گروپ میں شامل ہوگئی ہیں۔اس گروپ میں گارفیلڈ سوبرز بھی شامل ہیں، جنہیں اب تک کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک اور واحد زندہ قومی ہیرو سمجھا جاتا ہے۔ سوبرز بھی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے ریحانہ کو گلے لگایا۔ریحانہ بارباڈوس کے لوگوں کی طرف سے جمع کرائی گئی قومی ہیرو کے لیے بہت سی نامزدگیوں میں شامل تھی۔