• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میسی کو بھارت آنے کیلئے کتنا معاوضہ ادا کیا گیا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے تین روزہ ’گوٹ ٹور آف انڈیا‘ کے گرفتار مرکزی منتظم ستادرو دتہ نے انکشاف کیا ہے کہ میسی تقریب کے دوران لوگوں کے بار بار چھونے اور گلے لگانے پر ناخوش تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکتہ میں منعقدہ تقریب کے دوران ہنگامہ آرائی اور سیکیورٹی کی سنگین خامیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے مطابق مرکزی منتظم ستادرو دتہ کے مطابق میسی کے بھارت دورے پر مجموعی طور پر تقریباً 100 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

مالی معاملات سے متعلق ستادرو دتہ نے بتایا کہ لیونل میسی کو بھارت کے دورے کے لیے 89 کروڑ روپے ادا کیے گئے، جبکہ 11 کروڑ روپے بطور ٹیکس بھارتی حکومت کو دیے گئے، اس طرح اس دورے پر کُل لاگت 100 کروڑ روپے آئی۔

ذرائع کے مطابق اس رقم کا 30 فیصد اسپانسرشپ سے اور 30 فیصد ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل کیا گیا۔

ایس آئی ٹی ذرائع کے مطابق 13 دسمبر کو کلکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے گرفتار منتظم ستادرو دتہ نے بتایا کہ میسی کو پیٹھ پر ہاتھ رکھنے یا گلے لگائے جانے پر شدید اعتراض تھا، اس حوالے سے غیر ملکی سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشگی آگاہ بھی کیا تھا۔ تاہم بار بار اعلانات کے باوجود ہجوم بےقابو ہوگیا، جس کے باعث میسی طے شدہ وقت سے پہلے ہی اسٹیڈیم چھوڑ گئے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے وزیرِ کھیل آروپ بسواس کو میسی کے قریب دیکھا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تصاویر بنواتے ہوئے فٹبالر کو کمر سے تھاما، انہوں نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے رشتے داروں اور قریبی افراد کو میسی تک رسائی دی۔

آروپ بسواس نے بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد تحقیقات مکمل ہونے تک وزارتِ کھیل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید