جیک ڈورسی ٹوئٹر کی سربراہی سے الگ ہوگئے

December 01, 2021

واشنگٹن /کراچی (نیوز ڈیسک) ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نےٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے ٹوئٹر کی سربراہی چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ کمپنی اپنے بانیوں کی مدد سے مزید آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ ٹوئٹر کے چیف ٹیکنیکل آفیسر پراگ اگروال کو کمپنی کے سی ای او کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ڈورسی بدستور کمپنی کے بورڈ کے رکن رہیں گے ۔ ڈورسی نے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کی تین وجوہات بتائیں۔ انہوں نے لکھا کہ پہلی وجہ پراگ اگروال ہیں اب وہ ہمارے سی ای او ہوں گے، انہوں نے لکھا کہ پراگ ان کا انتخاب ہیں، وہ کمپنی اور اس کی ضروریات کو پوری طرح سمجھتے ہیں ، مجھے ان پر پورا اعتماد ہے ، پراگ کی صورت میں متبادل مل گیا ، پراگ اگروال ایک بھارتی نژاد امریکی ٹیکنالوجی ایگزیکٹو اور ٹوئٹر کے موجودہ چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔جیک ڈورسی نے بتایا کہ دوسری وجہ بریٹ ٹیلر ہیں جو اب کمپنی کے بورڈ کی سربراہی کریں گے ، انہوں نے لکھا کہ جب میں کمپنی کا سی ای او بنا تھا تو میں نے ہی بریٹ ٹیلر کو بورڈ میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی ، انہوں نے بریٹ ٹیلر کے بارے میں کہا کہ وہ ہر طرح بہترین شخص ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بریٹ کی قیادت میں مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہمارا بورڈ آگے کی طرف جائے گا، انہوں نے اپنے مستعفی ہونے کی تیسری وجہ بتاتے ہوئےٹوئٹر کے تمام ملازمین اور صارفین کو مخاطب کیا اور کہا کہ آپ سب میں وہ صلاحیت ہے جو کمپنی کو بہتر طور پر آگے لے جاسکتے ہیں۔ اپنے تحریری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آخر کار میرے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمپنی ’آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔جیک ڈورسی نے کہا کہ انہیںاپنے متبادل پر ’گہرا‘ اعتماد ہے۔ یاد رہے کہ پراگ اگروال نے سنہ 2011 میں کمپنی میں شامل ہوئے تھے اور وہ سنہ 2017 سے ٹیکنالوجی کے شعبے کے سربراہ ہیں۔