معروف پاکستانی گلوکارہ شائے گل اسلام آباد میں ایک میوزیکل کنسرٹ کے دوران حادثے کا شکار ہو گئیں، جہاں پرفارمنس کے دوران ایک ڈرون ان کے بازو پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔
شائے گل 2022 میں کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول گانے پسوڑی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں جو انہوں نے علی سیٹھی کے ساتھ گایا، یہ گانا تین برسوں میں تقریباً 92 کروڑ ویوز حاصل کر چکا ہے، ان کے دیگر مشہور گانوں میں سکون، لیفٹ رائٹ، انسیکیورٹی، گِلہ، بلّھیا شامل ہیں۔
حالیہ واقعہ اسلام آباد کے علاقے پارک ویو سٹی میں منعقدہ ایک کنسرٹ کے دوران پیش آیا۔ شائے گل اسٹیج پر پرفارم کر رہی تھیں کہ اچانک ایک تیز رفتار ڈرون ان کی جانب آیا اور ان کے ہاتھ سے ٹکرا گیا، جس سے ان کے ہاتھ پر کٹ لگ گئے۔
حادثے کے بعد شائے گل نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں پارک ویو سٹی اسلام آباد میں پرفارم کر رہی تھی اور ڈرون کا کنٹرول ایک غیر تربیت یافتہ شخص کے ہاتھ میں دے دیا گیا، ڈرون بہت تیز تھا اور سیدھا میری طرف آ گیا، جس سے میرے ہاتھ پر گہرے کٹ لگ گئے، اب میں ٹھیک ہوں اور ٹیٹنس کی انجیکشن بھی لگوا لی ہے، سب کی خیریت دریافت کرنے کا شکریہ۔
شائے گل نے اپنے زخمی ہاتھ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں اور لکھا کہ اگر زخم کچھ زیادہ گہرے ہوتے تو صورتحال سنگین ہو سکتی تھی۔
ایک اسٹوری میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں 27 کلب میں شامل نہیں ہونا چاہتی۔
واقعے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے، کچھ صارفین نے واقعے کو محض ایک حادثہ قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے کنسرٹس میں ناقص انتظامات اور آرٹسٹس کی سیکیورٹی پر سوال اٹھائے۔
واضح رہے کہ شائے گل نے ستمبر 2025 میں اپنا پہلا سولو گانا انسیکیورٹی ریلیز کیا تھا، جبکہ اپریل میں انہوں نے عبدالحنان کے ساتھ گِلہ میں بھی تعاون کیا۔