لینڈ مافیا کیخلا ف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ،جمعیت نظریاتی

December 02, 2021

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار شاہ چشتی اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا رحمت اللہ حقانی نے کہا کہ سپریم کورٹ لینڈ مافیا اور ان کی سہولت کاروں کے خلاف بلا متیازکارروائی کرے لاکھوں ایکڑ سرکاری اراضی کے نام پرالاٹمنٹ کرانے والوں نے غریب عوام کو چھت کے سایہ سےبھی محروم کردیا۔ غریب خون پسینے کی کمائی سے ایک فلیٹ خریدتا ہے تو دوسرے دن ان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چھت اور جمع پونجی دونوں سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ نسلہ ٹاور کے سینکڑوں مکینوں کا جرم صرف اتنا ہے کہ انہوں نے اپنےسر کیلئے چھت خریدلی تھی۔انہوں نے کہاکہ جب ادائیگی کی جارہی تھی توکاغذات پورے تھے کروڑوں روپے لگا کر جب ٹاور تعمیر کیا جارہاتھا تو 17 این او سی کاغذات پورے تھے مکینوں نے اپنی جمع پونجی فلیٹ خریدنے کیلئے کنٹریکٹر ٹاور کو دی تو کاغذات پورے تھے۔اب اچانک کسی کویاد آیا کہ یہ بلڈنگ غیر قانونی ہے سرکاری اراضیات پر قبضہ حکومتی اراکین، سرکاری اہلکاروں اور قبضہ مافیا کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں غریب عوام کو چھت سے محروم کرنے کی بجائے سرکار قبضہ گروپوں کے ساتھ ملوث پائے جانے والوں کو مجرم قرار دے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ آج کینٹ کی زمینوں پر مال شاپنگ کمرشل اور ہاؤسنگ منصوبے بن رہے ہیں پھر کل ان کو غیر قانونی قرار دے کر گرائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ لینڈ مافیا نے ہر جگہ پر اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں پبلک اور سرکاری اراضیات پر قبضے کے ریکارڈ قائم کیے۔