آغا سراج درانی کی گرفتاری سے متعلق عدالت کا فیصلہ ہمیں قبول ہے، ناصرشاہ

December 03, 2021

وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ آغا سراج درانی کو یہ حق ہے کہ وہ عدالتوں سے رجوع کریں، آغا سراج درانی کی گرفتاری سے متعلق عدالت کا فیصلہ ہمیں قبول ہے۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ نئے بلدیاتی ترمیم میں ہمارے دوست شور کررہے ہیں، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی سفارشات شامل کی ہیں۔

وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی کی مشاورت کے بعد ترمیم کی گئی، یو سی اور ٹاؤنز بنانے کی جو بات ہے اس میں بہتری لائی گئی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میئر کراچی ہی واٹر بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، ہر ریجن کی سطح پر منتخب نمائندے چیئرمین ہوں گے، جو ٹاؤن سسٹم کی ڈیمانڈ تھی وہ بھی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسی کو بھی پاور دی ہے، برتھ سرٹیفکیٹ کا کام یوسی کا ہے، کراچی میں ڈسٹرکٹ کونسل کو ختم کرکے ٹاؤن سسٹم لائے ہیں، حیدرآباد کی ڈسٹرکٹ کونسل بھی ختم کیا گیا ہے۔

وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ اب اپوزیشن کورٹ میں گئی ہے تو اب فیصلہ کورٹ میں ہوگا، ایک طرف ایک بات دوسری جانب دوسری بات کی جاتی ہے، اس سے بلدیاتی انتخابات کروانے میں دیر ہوگی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ ہم نے مردم شماری پر احتجاج کیا، جوائنٹ سیشن میں آخری ایجنڈا رکھ کر روند دیا۔