پی سی بی کا مستقبل میں ناگزیر کوچز رکھنے کا جائزہ لینے کا فیصلہ

December 04, 2021

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے چند ہفتے میں سوچ وبچار اورجائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ پاکستان ٹیم کے لئے مستقبل میں کون کون سے کوچزناگزیرہیں۔ڈرسینگ روم میں رش کرنے کے بجائے دنیا کی دیگر ٹیموں کی طرح اب پاکستان ٹیم کے ساتھ غیر ضروری کوچز نہیں ہوں گے اگر کوچز کی ضرورت نہیں ہے تو انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں کام کرنے کا کہا جائے گا اور کوچز پر آنے والے اخراجات ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ ہوں گے۔ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچز کی تقرری ٹیم انتظامیہ سے مشورے کے مطابق کی جائے گی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد یہ دیکھ کر کوچز رکھے جائیں گے جن کی واقعی ڈریسنگ روم میں ٹیم کو ضرورت ہے۔ماضی کی طرح 30,35 کا دستہ ٹیم کے ساتھ نہیں جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز میں ریزرو وکٹ کیپر نہیں رکھا گیا ہے اور نہ کسی کھلاڑی کو تبدیل کرکے اس کا متبادل دیا گیا ہے۔پاکستان میں اس وقت کرکٹ بایو سیکیور ببل میں کنٹرول ماحول میں ہورہی ہے اگر کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوتا ہے تو ٹیسٹ کرانے کے بعد وہ دوسرے کھلاڑی کا متبادل بن جائے گا۔اس لئے سرفراز احمد ،شعیب ملک اور عماد وسیم کا کوئی متبادل ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو ہیڈ کوچ برقرار رکھا ہے۔البتہ ہوم سیریز کے بعد پی سی بی ہیڈکوچ ،بیٹنگ اور بولنگ کوچز کی مستقل بنیادوں پر تقرری کرے گا اور ان عہدوں کے لئے اشتہار دیا جائے گا۔پاکستانی کپتان بابر اعظم نے چند دن پہلے شکوہ کیا تھا کہ انہیں بیٹنگ کوچ کی کمی محسوس ہورہی ہے۔لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بیٹنگ کے بعد بولنگ کوچ کی خدمات سے بھی محروم رہے گی۔بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی ٹیم کے میڈیا منیجر کو تبدیل کردیا گیا ہے۔منصور رانا کو منیجر اور ثقلین مشتاق کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان میں فیلڈنگ کوچ عبدالمجید اور شاہد اسلم بطور اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شامل ہیں۔فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن اور ٹیم اینالسٹ طلحہ اعجاز بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ نجیب سومرو ٹیم ڈاکٹر اور احسن افتخار ناگی ٹیم کے میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر مقرر کیے گئے ہیں۔کرنل ریٹائرڈ عمران سیکورٹی منیجر اور ملنگ علی مساجر ہوں گے۔