جنرل منیجر اسپورٹس میڈیسن ڈاکٹر ریاض کے اعزاز میں الوداعی تقریب

December 04, 2021

کراچی(عبدالماجدبھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں 25 سال سے زائد عرصے تک ذمے داریاں نبھانے والے اسپورٹس میڈیسن کے ماہرڈاکٹر ریاض کو پیر کو باضابطہ اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔وہ پی سی بی میں جنرل منیجر اسپورٹس میڈیسن تھے۔اور پاکستان ٹیم کے ساتھ کئی دورے کرچکے ہیں ۔بدھ کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر ،میں ان کے اعزاز میں الوادعی تقریب ہوئی ۔البتہ چھ دسمبر کوپی سی بی میں ان کا آخری دن ہوگاکورونا وائرس کے دوران وہ کھلاڑیوں کی ویکسین اور دیگر معاملات کی براہ راست نگرانی کررہے تھے۔پی سی بی نے چند ماہ قبل ڈاکٹر سہیل سلیم کی جگہ ڈاکٹر نجیب سومرو کی تقرری کی تھی۔ان کی تقرری کے چند ہفتے بعد ڈاکٹر ریاض قومی ہائی پرفارمنس سینٹر سے رخصت ہوجائیں گے۔پی سی بی ترجمان نے جنگ کے استفسار پر بتایا کہ ڈاکٹر ریاض کا معاہدہ ختم ہوگیا تھا انہوں نے نیا معاہدہ لینے سے انکار کردیا۔اس لئے ان کے معاہدےتجدید نہیں کی گئی۔نمائندہ جنگ نے ڈاکٹر ریاض سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ26سال پی سی بی میں کام کرنے کے بعد میں از خود نیا معاہدہ نہیں لیا لیکن میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کرتا رہوں گا۔