اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل سے این جی اوز پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
انتونیو گوتریس نے اسرائیل کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں متعدد بین الاقوامی این جی اوز کی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور یو اے ای نے غزہ پٹی میں بگڑتی انسانی صورتِ حال پر اظہار تشویش کیا ہے۔
مسلم ملکوں نے غزہ پٹی میں بگڑتی انسانی صورتِ حال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل پر غزہ میں پابندیاں ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی اپیل کر دی۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں غزہ میں بنیادی ڈھانچے اور اسپتالوں کی بحالی اور رفح کراسنگ کھولنے پر زور دیا ہے۔
8 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بارشوں اور طوفان نے غزہ کی انسانی صورتِ حال سنگین بنا دی ہے، موسم کی شدت نے غزہ پٹی کی نازک حالت بےنقاب کردی ہے۔ سرد موسم میں زیر آب آئے خیموں اور غذائی قلت نے انسانی زندگی کو خطرات بڑھا دیے ہیں۔