ڈھاکا ٹیسٹ، اظہر کو ففٹی بنانے کا موقع دے کر بارش نے کھیل رکوادیا

December 06, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈھاکا میں سیزن کی بارش ہورہی ہے ۔دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے صرف38گیندوں کا کھیل ہوسکا جس میں پاکستان نے27 رنز کا اضافہ کیا۔ پیر اور منگل کو مزید بارش کا امکان ہے۔ اس لئے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کے فیصلہ کن ہونے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے جب اتوار کو کھیل ختم کیا گیا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹ پر188رنز بنائے تھے۔کپتان بابر اعظم ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے71 رنز پر کھیل رہے تھے انہوں نے113گیندوں کا سامنا کیا ہے ۔اظہر علی سات چوکوں کی مدد سے 136 گیندوں پر 52 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کی شراکت میں118 رنز بنائے ہیں۔ پہلے دن 57اوورز کا کھیل ہوسکا تھا۔ پیر کو میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔ اوپنر عابد علی اور عبداللہ شفیق نے پر اعتماد آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے 59 رنز کی شراکت قائم کی، عبداللہ شفیق 25 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، عابد علی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دونوں وکٹیں لیفٹ آرم اسپنرتیج السلام نے حاصل کیں۔ دومیچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔