اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی مشاورت سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اپوزیشن کمیٹی بنائی جائے جو سیاسی قیدیوں کے ساتھ مل کر ڈائیلاگ کمیٹی کو بڑھائے، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کی جائے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیاسی کارکنوں کی رہائی کے بعد حکومت پر اعتماد بڑھے گا، میڈیا کی سینسرشپ ختم کی جائے اور سیاسی افراد پر مقدمات ختم کیے جائیں۔
نیشنل ڈائیلاگ میں بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس ملتان میں ہو گا۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیر اہتمام قومی ڈائیلاگ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، شیر افضل مروت، بیرسٹر سیف، عمران اسماعیل اور شہزاد وسیم شریک تھے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود ڈائیلاگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔