قبضہ مافیا کیخلاف سی ڈی اے آپریشن غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں

December 06, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کے چیئرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور شعبہ انفورسمنٹ نے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود قبضہ مافیا کیخلاف متعدد کارروائیاں کیں۔ جھنگی سیداں میں جی ٹی روڈ کے ساتھ ساتھ کئے گئے آپریشن کی نگرانی ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے خود کی۔ اس دوران 50سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا جبکہ مرکزی شاہراہ پر غیر قانونی بس سٹینڈ پر کھڑی بسوں، ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ سیکٹر جی سیون اور ایچ نائن میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ غیر قانونی زیر تعمیر5 کمرے،4 باتھ رومز اور3 چار دیواریوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔ سیکٹر ایچ نائن میں 3غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ افسران اور وفاقی پولیس کی بھاری نفری بھی سی ڈی اے اہلکاروں کی معاونت کیلئے موجودتھی۔