کارپوریشن کا انسداد سکواڈ غیر فعال، شہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات قائم

December 06, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کا انسداد تجاوزات سکواڈ عملاً غیر فعال ہو کر رہ گیا ، اہم شاہراہوں کو تجاوزات مافیا کے سپرد کر دیا گیا ، تجاوزات کے باعث ٹریفک کے مسائل بھی بڑھنے لگے ، تجاوزات مافیا کے رد عمل کے خوف سے تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن لانچ نہ کیا جا سکا ، میونسپل کارپوریشن کے انسداد تجاوزات سکواڈ کی کارروائیاں کاغذوں تک محدود ہو کر رہ چکی ہیں ، جس کی وجہ سے ریلوے روڈ ، پرانا شجاع آباد روڈ ، حسین آگاہی ، گھنٹہ گھر ، زکریا ٹاؤن ، خیر المعارف روڈ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے ۔ شہریوں نے سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود اور کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد سے تجاوزات مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر مؤثر کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے مسائل کم ہو سکیں -