گلگت بلتستان میں برف باری، رابطہ سڑکیں بند

December 07, 2021

گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور مقامی آبادی گھروں تک محصور ہوگئی ہے۔

بلوچستان کی وادی زیارت میں بھی برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

زیارت سے ملحقہ علاقوں کے لیے رابطہ سڑکوں پر برف جم جانے سے سیاحتی مقامات پر ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہری اور سیاح سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ عملہ غائب ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی 10، قلات منفی 5 اور گوپس میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح کوئٹہ، استور اور اسکردو میں منفی 3، ہنزہ میں منفی 2، راولاکوٹ میں منفی1 اور لیہہ میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔