حکمرانوں کے ڈیجیٹل دھاندلی کا راستہ بند ہو گی، خانم اللہ ایڈوکیٹ

December 08, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی نائب صدر اور سنٹرل کمیٹی کے ممبر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بار بار مہنگائی کے بم گرانے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بجائے دکھوں میں اضافہ کرنے اور بے روزگاری کے خاتمے کی بجائے لوگوں کو بے روزگار کرنے سے حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ عوام کی حمایت سے محرومی کی وجہ سے حکمران ڈیجیٹل دھاندلی کے ذریعے الیکٹرانک مشین سے ووٹنگ کروانے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈیجیٹل دھاندلی کا راستہ بند کرنے کی وجہ سے حکمرانوں نے الیکشن کمیشن سے محاذ آرائی شروع کر دی ہے۔ خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام حکمرانوں سے بے زار اور نوجوان مایوس ہو چکے ہیں۔ عوام نے ملک سنوارنے کے لئے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ عوام کو نواز شریف حکومت کی یاد ستا رہی ہے۔ مسلم لیگ آنے والے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور مرکز و چاروں صوبوں میں مسلم لیگ کی حکومت ہو گی۔