شاہ محمود قریشی دورہ بیلجیئم مکمل کرکے وطن روانہ

December 08, 2021

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنی بیلجیئن ہم منصب صوفی ولمس کی دعوت پر دورہ بیلجیئم مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہوگئے۔

برسلز انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر بیلجیئم میں تعینات پاکستانی سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے مختصر دورے کے دوران بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، سائنسی، تعلیمی اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور شامل تھے۔

وزیر خارجہ کی بیلجیئم کے کسی وزیر خارجہ کے ساتھ یہ ملاقات 10 سال کے طویل وقفے کے بعد ہوئی تھی۔

اس دوران پاکستانی وزیر خارجہ نے برسلز میں واقع نیٹو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کے ساتھ ملاقات کی۔

اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی روایت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دورے کے آخری روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ و نائب صدر جوزف بوریل کے ہمراہ ’پاک-ای یو اسٹریٹیجک مذاکرات‘ کے چھٹے دور کی مشترکہ صدارت کی۔

دونوں شخصیات نے مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے، پاک ای یو اسٹریٹیجک مذاکرات کی نوعیت اور تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ نے بیلجیئم اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کے وفد سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دو طرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے ساتھ ہونیوالے اسٹریٹیجک مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے برسلز میں مقیم صحافیوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں دورہ بیلجیئم کے اغراض و مقاصد اور مختلف شخصیات کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سفارتی ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ مختصر دورہ آئندہ آنے والے وقتوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔