اسرائیلی حملے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے معمولی زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی پارس کے مطابق ایرانی صدر ایران کی اعلیٰ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ 16 جون کو ہونے والے حملے میں مسعود پزشکیان کی ٹانگ پر معمولی زخم آئے تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس اجلاس میں ایران کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور اہم عہدیدار بھی شریک تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی انتظامیہ صدر کو فوری طور پر راہداری کے ذریعے باحفاظت وہاں سے نکالنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے دوران 6 بم یا میزائل داغے گئے تھے، دھماکوں کے بعد عمارت میں بجلی بھی منقطع ہو گئی تھی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کے دوران مجھے بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، میرے قتل کی کوشش کے پیچھے امریکا نہیں اسرائیل تھا۔