بہاولنگر: نومولود بچی کی لاش قبر سے نکال لی گئی

December 10, 2021

بہاولنگر میں 10 دن کی نومولود بچی کی لاش نامعلوم ملزمان نے قبر سے نکال کر غائب کر دی۔

پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں 10 دن کی نو مولود مدفن بچی کی لاش قبر سے نکال کر غائب کر دی گئی۔

نومولود بچی کی 10 روز قبل تدفین کی گئی تھی، بچی کے والد قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تو کفن قبر کے باہر پڑا دیکھا اور لاش غائب تھی۔

پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرنے شروع کر دیئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر بچی کے والد کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے متعدد افراد کے پاؤں کے نشانات ملے ہیں، فرانزک ٹیم کی رپورٹ کی مدد سے ملزمان کو جلد ٹریس کر لیا جائے گا۔