کوئٹہ: نازیبا ویڈیوز اسکینڈل میں 1 اور لڑکی سامنے آگئی

December 11, 2021

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں 1 اور لڑکی سامنے آ گئی جس نے گرفتار ملزمان سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج کرا دیا۔

ویڈیوز اسکینڈل کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے میں ملوث 2 گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں۔

کوئٹہ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان ہدایت اللّٰہ اور خلیل 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

ویڈیوز اسکینڈل میں ایک اور لڑکی کی جانب سے دوسرے مقدمے میں نامزد کیے گئے تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

کوئٹہ پولیس نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والےملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل، ویڈیوز اور یو ایس بیز کو فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

کوئٹہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویڈیوز اسکینڈل کے سلسلے میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وادیٔ کوئٹہ میں گزشتہ روز لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل سامنے آیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں نوکری کا لالچ دے کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور ان کو اغوا کرنے میں ملوث ہیں۔