رام چرن نے عالیہ بھٹ سے کہا’آپ بہت خوبصورت اور میں شرمیلا ہوں‘

December 11, 2021

معروف بھارتی اداکار رام چرن نے بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو مخاطب کرکے کہا ’آپ بہت خوبصورت اور میں شرمیلا ہوں‘۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق باہو بلی کے ہدایت کار راجا مولی کی نئی فلم ’آر، آر، آر‘ یعنی ٹرپل آر 7 جنوری 2022ء کو ریلیز کی جارہی ہے۔

اس فلم میں جہاں ساؤتھ فلم انڈسٹری کے دو بڑے نام رام چرن اور جونیئر این ٹی آر اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں، وہیں عالیہ بھٹ بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

عالیہ بھٹ، رام چرن اور جونیئر این ٹی آر کے ہمراہ فلم کی تشہر میں مصروف ہیں، اس دوران فلم کی کاسٹ کی دلچسپ گفتگو سامنے آئی ہے۔

فلم کی میگا کاسٹ پہلی بار ایک ساتھ کسی فلم میں کام کررہی ہے، اسی تناظر میں اُن سے سوال بھی کیا گیا۔

جس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ عالیہ بھٹ نے رام چرن اور جونیئر این ٹی آر کی طرف سے انہیں شوٹنگ کے دوران نظر انداز کیے جانے کی شکایت کی۔

اس پر رام چرن نے ایسا کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’دراصل میں شرمیلا ہوں اور آپ بہت خوبصورت ہیں‘۔

عالیہ بھٹ نے دوران گفتگو بتایا کہ جونیئر این ٹی آر نے وجہ بتاتے ہوئے مجھ سے کہا تھا کہ وہ کافی عرصے بعد کسی ہیروئن کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رام چرن فلم کی شوٹنگ کے دوران زیادہ تر خاموش رہتے اور زیادہ تر بات چیت نہیں کرتے تھے لیکن اُن کی جونیئر این ٹی آر سے خوب گپ شپ رہتی تھی۔

بالی ووڈ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ رام چرن اور جونیئر این ٹی آر آپس میں خوب چھیڑ چھاڑ کرتے رہتے تھے، مجھے لگا کہ ان میں کوئی خاص رشتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں مجھے ایسے نظر انداز کردیتے تھے کہ جیسے میرے ہونے یا نہ ہونے میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ ایک بار ہم نے گانے کی شوٹنگ ختم کی تو یہ دونوں گفتگو کررہے تھے، میں نے کہا آپ کی باتیں سمجھ نہیں پارہی ہوں کیا آپ ترجمہ کرسکتے ہیں؟

اس پر رام چرن نے میرے لیے کچھ باتیں ترجمہ کیں لیکن جونیئر این ٹی آر یہاں بھی خاموش ہی رہے۔

عالیہ بھٹ جنہیں فلم انڈسٹری میں 9 برس ہوچکے ہیں، نے تیلگو فلم میں کام کا تجربہ شیئر کیا اور بتایا کہ وہ خود کو صرف بالی ووڈ تک محدو د نہیں رکھنا چاہتیں۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں ہدایت کار کا وژن اہم ہوتا ہے اور اسے ہی حق ہے کہ وہ میرے کردار سے متعلق فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرپل آر میں کام کا تجربہ اچھا رہا، مداحوں کی محبت دیکھ کر بہت متاثر ہوئی ہوں، ساؤتھ کی مزید فلموں میں کام کرنا چاہوں گی۔

فلم ٹرپل آر کی کہانی آزادی سے پہلے 1920ء کے دو انقلابیوں کی زندگی پر مبنی ہے، جس کا ٹریلر چند روز قبل جاری کیا گیا ہے۔