علیزے شاہ نے ریمپ پر گِرنے کی کہانی بتادی

December 14, 2021

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے لاہور میں برائیڈل کاٹیور فیشن ویک کے دوران ریمپ پر گِرنے کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دے دیا۔

انہوں نے ریمپ پر گِرنے کے واقعے کے حوالے سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، علیزے شاہ نے اس پر مؤقف اختیار کیا کہ وہ رات جذبات سے بھری ایک رولر کوسٹر تھی۔

اداکارہ نے گِرنے کے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس رات ایک غلط فہمی کی وجہ سے میں پھسل بھی گئی تھی۔


انہوں نے لکھا کہ میں بائیں طرف جا رہی تھی اور شازیہ منظور نے سوچا کہ ہمیں دائیں طرف جانا ہے جس کی وجہ سے ہم دونوں میں ایک غلط فہمی ہوئی اور اسی اثناء میں پھسل گئی۔

اداکارہ نے شازیہ منظور کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اس واقعے کے بعد شازیہ منظور نے مجھے پیار سے اٹھایا اور میرا حوصلہ بڑھایا۔

انہوں نے امر خان سمیت ساتھی ماڈلز کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں برائیڈل کاٹیور فیشن ویک کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں پاکستانی ماڈلز سمیت اداکاراؤں نے اپنے حُسن کے جلوے بکھیرے اور خوب تعریفیں وصول کیں۔