انکیتا کی شادی پر سشانت کے گانے چلائے گئے؟

December 15, 2021

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

گزشتہ روز رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی سشانت سنگھ راجپوت کی سابقہ گرل فرینڈ انکیتا لوکھنڈے کی شادی کی ایک تقریب میں اداکار کی فلم کے گانے چلائے گئے۔

انکیتا لوکھنڈے نے منگل کے روز ممبئی کے گرینڈ حیات میں ایک شاندار تقریب میں وکی جین کے ساتھ شادی کی، اس سے قبل پیر کی رات سنگیت سمیت شادی سے پہلے کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنگیت کی تقریب میں انکیتا لوکھنڈے اور اُن کے شوہر نے ایک دوسرے کو منگنی کی انگوٹھی بھی پہنائی تھی۔

سنگیت کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں تاہم، کچھ ویڈیوز نے خاص طور پر مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

ایک ویڈیو میں انکیتا لوکھنڈے کے شوہر اُنہیں انگوٹھی پہنا رہے ہیں جس کے بیک گراؤنڈ میوزک میں اداکارہ کے سابق بوائے فرینڈ سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’رابطہ‘ کا گانا چل رہا ہے۔


اس کے علاوہ ایک ویڈیو میں انکیتا کی والدہ اور بھابھی بھی سشانت سنگھ راجپوت کی سال 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کائی پو چے‘ کے گانے پر ڈانس کرتی نظر آئیں۔


خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت اور انکیتا لوکھنڈے نے معروف بھارتی ڈرامہ سیریل میں ایک ساتھ کام کیا تھا جہاں دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی تاہم بعد میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔