شہباز گل نے مریم نواز کو بہن، جنید صفدر کو بھانجا کہہ دیا

December 15, 2021

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بہن اور اُن کے صاحبزادے جنید صفدر کو بھانجا کہہ دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ جنید ہمارا بھانجا ہے، شادی کی تقریبات میں اچھا لگ رہا تھا، ہماری بہن مریم بھی اچھی لگ رہی تھیں۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شادی میں جنید صفدر اور مریم نواز کے ڈریسز دیکھیں، اس موقع پر والد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو بھی کوئی اچھا ڈریس پہنا دیتے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ شادی تقریبات میں صفدر کو دیکھ کر لگ رہا تھا، کہیں سے بیرا پکڑ لائے ہیں۔

شہباز گل نے اس موقع پر شکایت بھرے انداز میں کہا کہ جنید صفدر کی شادی کے موقع پر سب نے بھارتی گانے گائے، پاکستانی گانا بھی گا لیتے۔