• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر الزام، شہباز گل کا جسٹس وجیہہ کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اشارہ


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اشارہ دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کو مفت میں اپنے گھر کا حصہ دفتر کے لیے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ جسٹس وجیہہ بہت غلط آدمی ہیں، جہانگیر ترین نے بھی ان کے الزام کی تردید کردی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کی پارٹی ممبر شپ 2015ء میں منسوخ کردی گئی تھی، پارٹی انہیں لیگل نوٹس بھیج سکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی پارٹی کا دفتر چلانے کے لئے ایک فنڈ ہوتا ہے، عمران خان کے گھر کے ایک حصے میں پارٹی دفتر استعمال کیا جا سکتا تھا۔

شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو مفت میں اپنے گھر کا حصہ دفتر کے لئے دیا تھا، 2014ء سے 2015ء میں 70 ہزار اس دفتر کا خرچہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں یہ خرچہ بڑھ کر 2 لاکھ روپے ماہانہ تک پہنچ گیا تھا، اب بھی چیئرمین آفس کے لئے ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ خرچ ہوتا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ جسٹس وجیہہ الدین کو عمران خان کے گھر کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہے، سستی شہرت حاصل کرنے والے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف ایسی باتیں نہ کریں۔

تازہ ترین