جماعتِ اسلامی کا سندھ اسمبلی پر دھرنا آج بھی جاری

January 01, 2022


جماعتِ اسلامی کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر نئے بلدیاتی نظام کے خلاف دیا جانے والا دھرنا آج بھی جاری ہے۔

جماعتِ اسلامی کا احتجاجی کیمپ سندھ اسمبلی کے گیٹ کے سامنے مین روڈ پر لگا ہوا ہے جس میں شرکاء موجود ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے رات گئے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک سندھ کے ہر شہری کے حق کے لیے ہے، نئے بلدیاتی قانون میں سندھ کے ہر شہر کا میئر بے اختیار کر دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ دھرنا عوامی حقوق کے لیے ہے، سندھ حکومت نے تمام ادارے تباہ کر دیئے، اپوزیشن کو ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے دور میں کراچی میں ٹرانسپورٹ کا نظام ختم ہوا۔

جماعتِ اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری اور ’حق دو گوادر و بلوچستان کو تحریک‘ کے روحِ رواں مولانا ہدایت الرحمٰن نے بھی دھرنے سے خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وڈیرے اور جاگیر دار اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کرنا چاہتے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے گوادر میں 32 دن دھرنا دیا، سوائے چیک پوسٹوں کے بلوچوں کو کچھ نہیں دیا گیا۔