جماعت اسلامی کراچی نے سندھ حکومت کے بلدیاتی قانون کے خلاف صوبائی اسمبلی کے باہر دھرنا دے دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے پر بیٹھے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ کالے قانون کے ذریعہ کراچی کے بلدیاتی اداروں پر قبضہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی اور کالے بلدیاتی قانون کو مسترد کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بلدیات کے اس کالے قانون کو فوری طور پر واپس لیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ نئے سال کا آغاز اپنےحق کی جدوجہد اور کالے بلدیاتی قانون کو مسترد کرکے کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے لئے جدو جہد اسمبلی کے سامنے شروع کر دی گئی ہے، سندھ حکومت سو رہی ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو عوام کو سہولیات فراہم نہیں کر رہی۔