افغانستان کے واقعات پاکستان پر اثر انداز ہونا شروع ہوگئے، پاکستان پیس انسٹیٹوٹ کی رپورٹ

January 04, 2022

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کی سالانہ سیکیورٹی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے واقعات پاکستان کے سیکیورٹی منظر نامے پر اثر انداز ہونا شروع ہوگئے۔

اسلام آباد سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال2021 میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سال 2021 میں کل 207 حملوں میں 335 افراد جاں بحق ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2013 کے بعد سے اب تک پہلی بار دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2021 میں دہشت گرد حملوں میں جاں بحق 335 افراد میں 177 سیکیورٹی اہلکار شامل تھے۔ صوبہ کے پی میں سب سے زیادہ111 حملے ہوئے جن میں 169 افراد جاں بحق ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ81 حملوں میں 136 افراد جاں بحق ہوئے۔ سندھ میں 8 اور پنجاب میں سب سے کم 7 دہشت گرد حملے ہوئے۔ کالعدم ٹی ٹی پی 207 حملوں میں سے سب سے زیادہ 87 حملوں میں ملوث تھی۔

رپورٹ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی نے کے پی میں 78، بلوچستان میں 5 اور پنجاب میں 4 حملے کیے۔ سال 2021 میں بلوچ علیحدگی پسند گروپوں نے 74 دہشت گرد حملے کیے جبکہ داعش خراسان نے ملک بھر 8 دہشت گرد حملے کیے۔