منی بجٹ سے عوام کا قتلِ عام ہو گا: سینیٹر مشتاق احمد

January 07, 2022

جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ سے عوام کا قتلِ عام ہو گا۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران فنانس بل پر سینیٹ میں بحث کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا تازہ دم سونامی آئے گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کہتی ہے کہ اپنے ہدف سے زیادہ ٹیکس اکھٹا کیا ہے تو پھر منی بجٹ کیوں لایا جا رہا ہے؟

مشتاق احمد خان نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس لگانا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، اسے آئی ایم ایف کے حوالے کیوں کر دیا، اس طرح تو اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی برانچ بن جائے گا۔

پیٹرول جماعتِ اسلامی کے مرکز سے نہیں نکلتا: علی محمد خان

جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کی حکومت پر کی گئی تنقید پر اپنے ردِ عمل کے اظہار میں حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وزیرِ مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ پیٹرول جماعتِ اسلامی کے مرکز سے نہیں نکلتا۔

انہوں نے کہا کہ آپ جن کے ساتھ بیٹھے ہیں ان کی وجہ سے تو ملک کی معیشت تباہ ہوئی، زرداری صاحب کے ہاتھ سے تو سندھ بھی جا رہا ہے۔

وزیرِمملکت علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ آپ وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ آ کر بیٹھ جائیں، عمران خان کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین ڈکلیئر کیا ہے۔